حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کولکاتا، مٹیابرج/ عیدِ اکبر، عیدِ سعید غدیر اور امیرالمؤمنین حضرت علی ابن ابی طالبؑ کی تاج پوشی کی پُرمسرت مناسبت سے اسلامی تعلیمات ویب سائٹ کے سربراہ مولانا محمد طیب علی انصاری قمی کی سرپرستی و نگرانی میں شاہی مسجد، آئرن گیٹ، مٹیابرج، کولکاتا میں ایک عظیم الشان جشنِ ولایت، طرحی محفلِ مقاصدہ اور مسابقۂ اذان کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ اس روح پرور اور بابرکت محفل میں علماء کرام، شعرائے عظام، معززینِ قوم، نوجوانوں اور مؤمنین کی کثیر تعداد نے شرکت کرکے عیدِ غدیر کی خوشیوں میں بھرپور حصہ لیا۔

پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعت، منقبت اور اشعارِ غدیر پیش کیے گئے۔ شاعرِ اہلِ بیت جناب عقیل عباس نے نہایت عمدگی اور خوش اسلوبی کے ساتھ نظامت کے فرائض انجام دیے اور پورے پروگرام کو منظم انداز میں آگے بڑھایا۔
اس موقع پر منعقدہ طرحی محفلِ مقاصدہ میں شعراء کرام نے مصرعۂ طرح "یہ دیکھنا کہ غدیری اذان ہے کہ نہیں" پر اپنے خوبصورت کلام پیش کیے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔
محفل سے خطاب کرتے ہوئے مولانا شاداب حسین نے اذان کی عظمت، اس کے روحانی اثرات اور اسلامی معاشرے میں اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اذان صرف نماز کی دعوت نہیں بلکہ توحید، رسالت اور ولایت کا عملی اعلان ہے، جو مسلمانوں کو اللہ کی بندگی اور دینِ حق کی طرف متوجہ کرتی ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل کو اذان کے پیغام کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی تلقین کی۔
اسی طرح مولانا شکیل احمد نے اپنے خطاب میں اذان کی ادائیگی کے آداب، شرائط اور ضروری اصولوں پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ مؤذن کو چاہیے کہ وہ اذان دیتے وقت تلفظ، آواز کی دلکشی، خشوع و خضوع اور شرعی آداب کا مکمل خیال رکھے، کیونکہ اذان اسلام کے عظیم شعائر میں سے ایک ہے۔
پروگرام کی ایک اہم خصوصیت مسابقۂ اذان تھی، جس میں تقریباً 30 بچوں اور نوجوانوں نے حصہ لیا۔ شرکاء نے نہایت خوبصورت انداز میں اذان پیش کی، جسے حاضرین نے پسند کیا۔ مقابلے کے اختتام پر ججز کے فیصلے کے مطابق درج ذیل شرکاء کو ممتاز قرار دیا گیا:
اول مقام: فیض حسین ابن پرویز حسین (مٹیابرج)
دوم مقام: میزان علی میرزا ابن محمد جعفر صادق (ملک پور)
سوم مقام: محمد منہال حسین ابن ابراد حسین
منتظمین کی جانب سے تمام شرکاء کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں قیمتی تحائف پیش کیے گئے، جبکہ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو خصوصی تحائفِ غدیر سے نوازا گیا۔ اس اقدام کو حاضرین نے بے حد سراہا اور نوجوان نسل میں دینی شعائر کے فروغ کے لیے ایک مؤثر قدم قرار دیا۔

اس بابرکت محفل میں مولانا سید امان حیدر رضوی، مولانا علی محمد (مدرسہ امام علیؑ مٹیابرج)، مولانا تقی عباس رضوی، مولانا شکیل احمد، مولانا مکبر حسن خان، مولانا شاہ علی اور مولانا شاداب حسین صاحبان سمیت متعدد علماء کرام شریک رہے۔ جبکہ شعراء میں شیرازی حسین شیرازی، سلطان حسین، اشفاق حسین، ذوالفقار حسین، دانش حسین، نوشاد علی کلکتوی، یاور حسین اور عقیل عباس صاحبان نے اپنی ادبی خدمات پیش کیں۔

پروگرام کے اختتام پر مولانا علی محمد اور مولانا محمد طیب علی انصاری قمی نے تمام علماء، شعراء، معاونین، ججز، شرکاء اور حاضرینِ محفل کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عیدِ غدیر کا پیغام امت میں اتحاد، محبتِ اہلِ بیتؑ اور دینی شعور کے فروغ کا درس دیتا ہے، اور ایسے پروگرام نئی نسل کو دین سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
آخر میں امتِ مسلمہ، ملک و ملت کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ دعائے امامِ زمانہؑ کی تلاوت کے ساتھ یہ نورانی اور یادگار محفل اپنے اختتام کو پہنچی۔









آپ کا تبصرہ